اِس برس سرمائی سیاحت زیادہ متحرک اور پُر کشش ہوگی۔ سر مد حفیظ
سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے آج کہا کہ اِس برس سرمائی سیاحت زیادہ متحرک اور پُر کشش ہوگی کیوں کہ اِنتظامیہ نے جموںوکشمیر میں اِس سلسلے میں سلسلہ وار سرگرمیوں کا منصوبہ بنایا ہے ۔سیکرٹری سیاحت نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں ٹورسٹ ریسپشن سینٹر میں” اِنٹرنیشنل ماﺅنٹین ڈے “کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جموںوکشمیر کے محکمہ سیاحت کی جاب سے ” وومن موو ماﺅنٹینز “ کے تھیم کے تحت اِنٹرنیشنل ماﺅنٹین ڈے کی تقریبات کا اِنعقاد کیا گیا۔سیکرٹری سیاحت سرمدحفیظ نے کوہ پیماﺅں ، مہم جوئی اور سکولی بچوں کے بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑ نیچر کا اہم اثاثہ ہیں کیوں کہ یہ زندگی کو برقرار رکھتے ہیں ۔ اُنہوں نے تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ دیرپا سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیں تاکہ ماحولیاتی توازن برقرار رہے اور قدرتی وسائل پر اِس کا محدود اَثر پڑے۔سیکرٹری موصوف نے محکمہ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محکمہ جموںوکشمیر میں نا معلوم مقامات سے پہاڑی راستوں کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ مہم جوئی ان راستوں پر زندگی بھر کا تجربہ حاصل کرسکیں۔ اُنہوں نے تمام شراکت داروں اور ایسو ایشنوں پر زور دیا کہ وہ محکمہ کے ساتھ جوڑیں تاکہ یہاں ماﺅنٹیشن بائیک ، ہائیکنگ ، پیرا گلائیڈ نگ سمیت ایڈونچر ٹوراِزم کو فروغ دیا جائے۔سرمد حفیظ نے جاری سرمائی سیاحت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں اِس سرمائی موسم میں سیاحوں کی زبردست آمد دیکھنے میں آرہی ہے اور اِنتظامیہ نے اِس بر س سرمائی سیاحت کو مزید متحرک اور پُر کشش بنانے کے لئے سلسلہ وار سرگرمیوں کا منصوبہ بنایا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ گلمرگ ، پہلگام اور سونہ مرگ جیسے مقامات کے علاوہ محکمہ اِس سرمائی موسم میں دودھ پتھری ، توسہ میدان ، یوسمرگ اور دیگر مقامات کو بھی کھلا رکھنے کا منصوبہ بنارہا ہے تاکہ سیاحوں کے پاس مزید اِنتخاب ہوسکیں۔دورانِ تقریب سیکرٹری موصوف نے کوہ پیمائی ، پہاڑی چڑھنے ، ماﺅنٹین بائیکنگ اور دیگر مہم جوئی کے مختلف مقابلوں کے جیتنے والوں میں اَنعامات اور مومنٹوز بھی تقسیم کئے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ٹوراِزم فضل الحسیب ، محکمہ سیاحت کے سینئر اَفسران ، ٹور اینڈ ٹریول ایسو سی ایشنوں کے نمائندے، ماﺅنٹین بائیک ایسو سی ایشن کے نمائندے ، سکولی بچے اور بڑی تعداد میں مہم جوئی اَفراد بھی موجود تھے۔