سرینگر/درگمولہ کپوارہ اور حاجن بانڈی پورہ میں نئے سرے سے ہوئے ڈی ڈی سی انتخابات کا باضابطہ اعلان کیا گیا اور دونوں نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ادھر سٹیٹ الیکشن کمشنر نے انتخابات کے پُرامن طریقے سے منعقد ہونے پر عملہ کو مبارکباد دی اور ان کے کام کو سراہا ہے ۔سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرمانے وادی کشمیر کے دو اضلاع کی دو ڈی ڈی سی نشستوں پر دوبارہ انتخابات منعقد کرانے اور وقت پر ووٹوں کی گنتی کے عمل کو پُر امن طریقے سے منعقد کرنے کےلئے عملہ کی کوششوں کو سراہا ہے ۔ الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ وادی کشمیر میں سخت سردی کے باجود ایک طرف اگرچہ ووٹران نے الیکشن میں بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیا تو دوسری جانب سردی کے باجود الیکشن منعقد کرانے پر معمور عملہ نے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں نے غیر معمولی طور پر اپنے فرائض انجام دیے تاکہ نتائج کے اعلان کے لیے ہر سیاسی پارٹی اور لوگوں کو یکساں اطمینان حاصل ہو۔بتایا گیا کہ ڈی ڈی سی حلقہ درگمولہ کپوارہ کی آزاد امیدوار آمنہ مجید جس نے انتخابی نشان ٹرک رکھا تھا نے 39ووٹوں سے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ریٹرننگ آفیسر، ڈی ڈی سی حلقہ، ڈرگمولہ کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق آزاد امیدوار آمنہ مجید (انتخابی نشان ٹرک) نے 3259 ووٹ حاصل کیے، اس کے بعد پی ڈی پی امیدوار شبنم رحمٰن (انتخابی نشان قلم اور سیاہی) نے 3220 ووٹ حاصل کیے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈرگمولہ حلقہ کپواڑہ ضلع میں 32.73 فیصد ووٹ ڈالے گئے جہاں آج پولنگ ہوئی تھی۔ DDC ڈرگمولہ کے لیے 42 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے جن کی شرح 32.73 تھی۔ کل 32768 ووٹرز کے مقابلے میں 10724 ووٹ ڈالے گئے۔5624 مرد اور 5100 خواتین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔اسی طرح حاجن بانڈی پورہ میں محترمہ نازا جس نے انتخابی نشان ہیلی کاپٹر رکھا تھا نے 2706 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، اس کے بعد پیپلز کانفرنس کی عتیقہ بیگم (علامت سیب ) نے 2283 ووٹ حاصل کیے۔حاجن اے کے 57 پولنگ سٹیشنوں میں 53.33 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی، کل 16313 میں سے 8669 ووٹرز نے اپنا ووٹ ڈالا۔ 8565 میں سے 4717 مرد اور 7748 میں سے 3982 خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا۔