حالیہ کچھ دنوں سے جاری خشک وخوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے جمعرات کوکہاکہ اگلے24گھنٹوںکے دوران جموں وکشمیر موسم جزوی طورپر ابرآلود مگرخشک رہنے کاامکان ہے ،تاہم متعلقہ محکمہ نے پھرکہاکہ 19اور20نومبر کوجموں وکشمیرمیں کہیں کہیں ہلکی بارشیں اور برف باری ہوسکتی ہے ۔اس دوران گلمرگ اورپہلگام میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہاجبکہ سری نگر سمیت وادی کے باقی علاقوںمیں رات کاکم سے کم درجہ حرارت کم ریکارڈ کیاگیا۔اُدھر برف ہٹانے کاکام مکمل ہونے کے بعد خطہ پیرپنچال کوجنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان سے جوڑنے والے تاریخی مغل روڑ کوچار روز بعدٹریفک کی آواجاہی کیلئے کھول دیاگیا۔ حالیہ کچھ دنوںکی طرح ہی جمعرات کوبھی پورے کشمیرمیں موسم خشک اورخوشگوار رہا۔دھوپ چھاﺅںکاکھیل جاری رہنے کے بیچ دن کادرجہ حرارت کافی بہتررہا۔ادھر محکمہ موسمیات نے جمعرات کو اگلے24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں مطلع بنیادی طور پر صاف سے جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اگلے24گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس دوران بنیادی طور پرآسمان صاف سے جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔دریں اثنا، سری نگر میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات درجہ حرارت صبح کم سے کم1.2 ڈگری سینٹی گریڈ،سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 3.4 اور گلمرگ میں منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جب کہ جموں میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت10.7 ڈگری، کٹرا میں10.6، بٹوٹ 4.0، بانہال میں4.8 اور بھدرواہ میں 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت درج کیا گیا۔اُدھر حکام نے جمعرات کی صبح کیاکہ مغل روڈکوحالیہ برف باری کے باعث4 دن کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دیاگیا۔حکام نے جمعرات کو پونچھ اور راجوری کے جڑواں اضلاع کو شوپیاں سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا۔حکام نے بتایا کہ سڑک پر برف صاف کرنے کا کام مکمل ہونے کے بعد گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ پیر کی گلی میں تازہ برف باری کے بعد سڑک گزشتہ تقریباً 4دنوں سے بند تھی۔ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ رینج آفتاب بخاری نے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھولنے کی تصدیق کی۔