سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سی بی آئی نے جمعرات کے روز مزید سات ملزمان کو حراست میں لیا ہے۔ یو پی آئی کے مطابق سینٹرل بیور و آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی ) نے سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالے میں ملوث مزید سات ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کے بعد مزید سات افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سی بی آئی نے بھرتی سکنڈل میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے اور ابتک اس معاملے میں زائد از 20افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق گرفتار شدگان سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہیں اور اُن کی نشاندہی پر ہی چھاپہ ماری اور گرفتاری عمل میں لائی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی بی آئی مسلسل گرفتار شدگان سے پوچھ تاچھ کر رہی ہیں اور آنے والے دونوں کے دوران مزید سنسنی خیز انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سروسز سلیکشن بورڈ میں تعینات سابق آفیسران کے خلا ف بھی سی بی آئی ثبوت و شواہد اکھٹا کرنے میں جھٹ گئی ہے اور بہت جلد ہی ملوث آفیسران کو بھی قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی بی آئی نے معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی ہے اور چھاپہ ماری کے دوران ضبط کئے گئے مواد کو بھی کھنگالا جارہا ہے۔