پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کو چوکس رہنے کے احکامات صادر /دفاعی ذرائع
فوج نے پونچھ سیکٹر میں دراندازی کی ایک کوشش کے دوران ایک عدم شناخت ملی ٹینٹ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے سے ایل او سی پر تین دفعہ دراندازی کی کوششیں کی گئیں جس دوران تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ حد متارکہ اور لائن آف کنٹرول پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔ اطلاعات کے مطابق فوج نے پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر ایک ملی ٹینٹ کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا۔ دفاعی ترجمان کے مطابق جمعرات کے روز عسکریت پسندوں کے ایک گروپ نے اس طرف آنے کی کوشش کی تاہم متحرک اہلکاروں نے اُنہیں للکارا جس دوران گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ تھم جانے کے بعد فوج نے تصادم کی جگہ ایک ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی جس کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد براامد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ تازہ دراندازی کے بعد سیکورٹی فورسز نے پونچھ سیکٹر میں فوج کو متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پونچھ سیکٹر میں سیکورٹی فورسز نے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کو خصوصی ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ پونچھ میں تصادم کی جگہ مزید ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر ایک وسیع علاقے کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی مسلسل کوششیں ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ برف باری سے قبل ملی ٹینٹوں کو اس طرف دھکیلنے کی منصوبہ بند ہو رہی ہیں تاہم ایل او سی پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کشمیر اور جموں صوبوں میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کو متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔