نئی دہلی، 3 نومبر (یو این آئی) ہندستان کے دورہ پر آئے ہوئے بھوٹان کے آرمی چیف آپریشن آفیسر لیفٹیننٹ جنرل باتو شیرنگ اور دفاعی سکریٹری گردھر ارمانے نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اس کے دائرہ کار کو بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان جاری دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کا جائزہ لیا۔مسٹر ارمانے نے لیفٹیننٹ جنرل باتو شیرنگ کو بھوٹان آرمی کے چیف آپریشن آفیسر کے طور پر 17 سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ بھوٹانی فوجی افسر نے بھوٹانی فوج کی تربیت میں ہندوستان کے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 1962 سے ہندوستان بھوٹانی فوج کو تربیت دے رہا ہے ۔مسٹر ارمانے نے بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچک کے ذریعے شروع کیے گئے قومی خدمت پروگرام کا ذکر کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کی مہارت کی ترقی کے سلسلے میں ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان تعاون کے ممکنہ شعبوں کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان دیرینہ قریبی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں فریق اسے مزید مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔