لوگوں کا عبور و مرور مشکلات ، متعلقہ حکام کی خاموشی کے خلاف مقامی لوگ برہم
سرینگر/02 نومبر///بٹہ مالو کے اندرونی علاقوں میں ڈرنیج سسٹم ناکارہ بن گیا ہے جس کی وجہ سے ڈرین کا پانی لوگوں کے صحنوں میں گھس گیا ہے جبکہ تمام گلی کوچے اس ڈرین کے پانی کی زد میں آگئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا عبور و مرور دشوار بن گیا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سرینگر کے مصروف ترین علاقہ بٹہ مالو کے صدیق آباد نزدیک محبوب پبلک سکول کے مکینوں نے میونسپل کارپوریشن اور یو ای ڈی کے خلاف سخت ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان محکمہ جات کی غفلت شعاری کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ اس علاقہ میں موجود ڈرین ناکارہ ہوچکی ہے جس کی وجہ سے ڈرین بلاک ہوگئی ہے اور اس کا پانی سڑک اور گلی کوچوں میں جمع ہوچکا ہے اس کے ساتھ ساتھ مکانوں کے صحنوں میں بھی یہ پانی جمع ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا عبور مرور دشوار بن گیا ہے ۔ لوگوں نے محکمہ کے خلاف شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں میونسپل کارپوریشن سرینگر کے متعلقہ حکام کے پاس گئے تو انہوں نے کہا کہ یہ کام ہمارا نہیں ہے بلکہ یہ دوسرے محکمہ نے تعمیر کئے ہیں ۔ لوگوں نے کہا کہ اس علاقہ کے بچے گزشتہ ایک ہفتے سے سکول بھی نئے جاپائے کیوں کہ گلی کوچوں اور سڑک پر ڈرنیج کا گندہ اور غلاظت سے بھر ا پانی جمع ہے اور بچے اگر اس میں چلیں گے تو وہ کئی طرح کی بیماریوں کے شکار ہوسکتے ہیں۔ اس ضمن میں لوگوں نے ایل جی انتظامیہ خاص کر ڈی سی سرینگر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرکے لوگوں کو اس پریشانی سے نجات دلائیں۔