کشتواڑ میں بارہ برس بعد سابق جنگجو کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جس کےخلاف بارہ سال پہلے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے سلسلے میں کئی دفعات دائر تھے ۔ گرفتار شدہ شخص کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ میں بھیج دیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق پولیس نے جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بارہ برسوں سے فرار ایک سابق جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔مذکورہ شخص کے خلاف پولیس سٹیشن کشتواڑ میں زیر ایف آئی آر نمبر187/2009 U/Sec.307/ RPC 7/27کیس درج تھا۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس پوسٹ جوالا پور کی ایک خصوصی ٹیم نے سب انسپکٹر معین خان کی قیادت میں مختلف مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے اور مفرور شخص کو گرفتار کیا۔انہوں نے بیان میں کہا کہ گرفتار شدہ کی شناخت نذیر احمد گورسی ولد نور محمد گورسی ساکن بدھر بونجواہ کشتواڑ کے بطور کی ہے جو سابق جنگجو تھا۔اس دوران پولیس نے گرفتار شدہ شخص کو مجاز عدالت کے سامنے پیش کیا جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ میں بھیج دیا گیا ہے ۔