میرے لئے آپ سب برسوں سے میرا خاندان ہیں: نریندر مودی
وزیر اعظم نریندر مودی، جو پیر کو کرگل میں فوجیوں کے ساتھ روشنی کا تہوار منانے کے لئے یہاں پہنچنے ،نے کہا کہ دیوالی کا مطلب ہے ’دہشت گردی کے خاتمے کا تہوار‘ اور کارگل نے اسے ممکن بنایا ہے۔ مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ میرے لیے، آپ سب برسوں سے میرا خاندان ہیں۔ کارگل میں اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ دیوالی منانا ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری افواج ہندوستان کی سلامتی کا ستون ہیں۔ کارگل کی اس فاتح سرزمین سے، میں ہم وطنوں اور دنیا کو دیوالی کی بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان کے ساتھ ایک بھی جنگ ایسی نہیں ہوئی جہاں کارگل نے فتح کا جھنڈا نہ لہرایا ہو۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ دیوالی کا مطلب دہشت گردی کا خاتمہ ہے اور کارگل نے اسے ممکن بنایا۔انہوںنے مزیدکہاکہ کارگل میں ہماری افواج نے دہشت گردی کو کچل دیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ میں ایک گواہ بننے کےلئے کافی خوش قسمت تھا، مجھے یہاں میری پرانی تصاویر دکھائی گئیں، اور میں اس کے لیے شکر گزار ہوں۔خیال رہے وزیر اعظم کئی سالوں سے فوجیوں کے ساتھ دیوالی اوردیگراہم تہوار منا رہے ہیں۔2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے، مودی دیوالی منانے کے لیے مختلف فوجی تنصیبات کا دورہ کر رہے ہیں۔2014 میں وزیر اعظم مودی نے دیوالی سیاچن میں فوجیوں کے ساتھ گزاری۔انہوں نے2015 میں فوجیوں کے ساتھ دیوالی منانے کے لیے پنجاب کی سرحد کا دورہ کیا۔ 2016 میں، وزیر اعظم ہماچل پردیش میں ایک چوکی پر انڈو تبت سرحدی پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ تہوار منانے گئے تھے۔2017 میں، وزیر اعظم نے جموں اور کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کی گریز وادی میں فوج کے جوانوں اور بارڈر سیکورٹی فورس کے جوانوں کے ساتھ روشنی کا تہوار منایا۔2018 میں، وزیر اعظم مودی نے اتراکھنڈ کے ہرسل میں ہندوستانی فوج اور انڈو تبت بارڈر پولیس کے جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی تھی۔2019 میں، وزیر اعظم نے جموں اور کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ راجوری ضلع میں فوجیوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ انہوں نے فوجیوں کو اپنا خاندان کہا تھا اور تہواروں کے دوران بھی سرحدوں کی حفاظت کرنے پر ان کی تعریف کی تھی۔ انہوں نے پٹھان کوٹ ایئر فورس اسٹیشن پر ہندوستانی فضائیہ کے اہلکاروں کے ساتھ دیوالی کی مبارکباد کا تبادلہ کیا تھا۔