ہم پہلے ہی مندی سے جوجھ رہے تھے رہی سہی کسر برفباری نے پوری کی /سیب تاجر
پہاڑی ضلع شوپیاں میں تازہ برف باری کے نتیجے میں کئی میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے۔ باغ مالکان نے سرکار سے نقصان کا تخمینہ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز شوپیاں کے دور دراز میدانی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی ۔ نمائندے نے بتایا کہ ان علاقوں سے دو سے تین انچ تک برف باری ریکارڈ ہوئی جس وجہ سے سیب کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ شوپیاں میں اکتوبر مہینے کے آخری ہفتے میں سیب کی بھرائی کا کام شرو ع ہوتا ہے لیکن قبل از وقت برف باری سے سیب کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی علاقوں میں سیب کے درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں۔ سیب بیوپاریوں نے اعلیٰ حکام سے نقصان کا تخمینہ لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثنا ایک سیب تاجر نیاز نیازی نے خبر رساں ایجنسی کو بتایاکہ پہلے ہی سیب کے بیوپاریوں مندی کی وجہ سے مشکلات سے دوچار تھے اور رہی سہی کسر اب برف باری نے پوری کی ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے گناہوں پر پشیمان ہونا چاہئے کیونکہ امسال سیب سے جڑے تاجروں کو کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔