دوسری سہ ماہی میں پچھلے مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں بہتری
نئی دہلی، 13 اکتوبر (یو این آئی) ستمبر 2022 میں سالانہ 92 فیصد اضافہ کے ساتھ ملک میں 307389 مسافر گاڑیاں فروخت ہوئیں۔ گاڑیوں کی فروخت میں یہ اضافہ تہوار کے موسم اور سپلائی میں بہتری کی وجہ سے ہوا ہے ۔ ستمبر 2021 میں کاروں، یوٹیلیٹی وہیکلز اور گاڑیوں سمیت مسافر گاڑیوں کی فروخت کل تعداد 160212 یونٹس رہی تھی۔ آٹو انڈسٹری کی تنظیم سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررز (ایس آئ¸ اے ایم) نے جمعرات کے روز اپنی ماہانہ ڈیٹا رپورٹ میں کہا کہ گھریلو مارکیٹ میں کل تین پہیہ گاڑیوں کی فروخت 50,626 یونٹس رہی، جو کہ ایک سال پہلے کے اسی مہینے میں 29,191 کی فروخت سے 73.4 فیصد زیادہ ہے۔ اس مدت کے دوران دو پہیہ گاریوں کی فروخت سالانہ 13 فیصد بڑھ کر 17,35,199 یونٹس ہوگئی۔ تنظیم کے صدر ونود اگروال نے کہا کہ مالی سال 2022-23 کی دوسری سہ ماہی میں پچھلے مالی سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا، "ہمیں یقین ہے کہ اکتوبر کے مہینے میں آٹو انڈسٹری اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، جس میں ہم دو بڑے تہوار دسہرہ اور دیوالی منائیں گے ۔ سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ، ہائی ریپو ریٹ اور روس- یوکرین تنازعہ تشویش کا باعث ہیں اور آنے والے مہینوں میں مارکیٹ پر اس کے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، ستمبر 2022 میں کل 24,79,256 گاڑیاں تیار کی گئیں، جن میں مسافر، تین پہیہ، دو پہیہ اور سائیکلیں شامل ہیں، جبکہ جولائی تا ستمبر 2022 کی سہ ماہی میں 73,53,039 گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔