دونوں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقل/پولیس
بانڈی پورہ میں دو ملی ٹینٹ معاون کاروں کو پی ایس اے کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ یو پی آئی کے مطابق پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بانڈی پورہ سے دو جنگجو معاونین کو گرفتار کرکے اُن پر پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیر حراست جنگجووں میں سے ایک کی شناخت اشفاق مجید ڈار ولد عبدالمجید ڈار عرف صلاح الدین ساکن صدر کوٹ بالا کے بطور ہوئی ہے جو پاکستانی زیر انتظام کشمری میں قیام پذیر ملی ٹینٹوں کے ساتھ رابطے میں تھا۔ اُن کے مطابق بانڈی پورہ کے نوجوانوں کو ممنوع ملی ٹینٹ تنظیم لشکر طیبی میں بھرتی کرنے کے لئے سرحد کے اُس پار کے ہینڈلرز کی طرف سے ٹاسک دیا گیا اور بانڈی پورہ کے حاجن میں پولیس ، سی آر پی ایف ناکہ کے ساتھ ساتھ علاقے میں ملی ٹینٹ حملے کرنے میں بھی مدد کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ دوسرے شخص کی شناخت وسیم احمد ملک عرف عبید عرف اسامی ولد عبدالغنی ملک ساکن گنڈ پورہ رامپورہ کے بطور ہوئی ہے اور وہ پاک زیر انتظام کشمیر میں مقیم ملی ٹینٹ ہاشیر پرے سے رابطے میں تھا جس کے ماڈیول کو بانڈی پورہ پولیس نے حال ہی میں پکڑا تھا اور وہ اب بانڈی پورہ میں نئے ساتھی بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ موصوف ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔