ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم کی ناقص کاردگی کے سبب پاکستان کی پوری ٹیم 217 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ساتھ ہی ویسٹ انڈیز کے بھی 2 رنز پر 2 کھلاڑی آو¿ٹ ہوچکے ہیں اور اسے اب بھی 215 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ کنگسٹن میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو کیماروچ نے 11 رنز بنانے والے عمران بٹ کی وکٹ بکھیر دی۔ ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں جیڈن سیلز نے عابد علی کو چلتا کر کے پاکستان کو دوسرا نقصان پہنچایا۔ تجربہ کار بلے باز اظہر علی اور بابر اعظم نے مزید کسی نقصان کے بغیر اسکور 34 تک پہنچایا ہی تھا کہ میچ میں بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔جب بارش کے سبب کھیل روکا گیا تو پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 34 رنز بنائے تھے۔بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستانی بلے بازوں کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، 47 رنز کی شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب اظہر علی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اسکور میں بغیر کسی اضافے کے کپتان بابر اعظم بھی 30 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوگئے۔ بعد ازاں فواد عالم کی فہیم اشرف کے ساتھ 85 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو کچھ سنبھالا تاہم 186 رنز کے مجموعے پر فہیم اشرف کی مزاحمت بھی دم توڑ گئی اور وہ 44 رنز بنا کر رن آو¿ٹ ہوگئے۔ اس کے بعد فواد عالم کا کوئی کھلاڑی ساتھ نہ دے سکا اور پوری پاکستانی ٹیم 217 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ فواد عالم 56 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز اور جیسن ہولڈر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں،کیمار روچ نے 2 اور کائل میئرز نے ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20 سیریز کے تین میچ بارش کے نذر ہو گئے تھے اور پاکستان نے سیریز میں 0-1 سے کامیابی حاصل کر لی تھی۔