2020میں ہونیوالی جنگ کے بعد آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان جھڑپیں
باکو: ۴۱ ستمبر (ایجنسیز) آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان متنازع خطے نگورنو کاراباخ پر 2020 میں ہونے والی جنگ کے بعد بدترین خونی تصادم میں فوجی ہلاکتوں کی تعداد 100ہوگئی۔ آذربائیجان کے آرمینیائی آبادی والے کشیدہ علاقے میں جھڑپوں کی آخری لہر روس کی ثالثی کے باعث غیر پائیدار جنگ بندی پر ختم ہوئی تھی۔ لیکن منگل کے روز، آذبائیجان کی وزارت دفاع نے کہا کہ آرمینیا کی شدید اشتعال انگیزی کے نتیجے میں ہمارے 50 فوجی مارے گئے، جبکہ اس سے قبل آرمینیا نے اپنے کم از کم 49 فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔ آذربائیجان نے رات بھر جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد آرمینیا پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا جس کے بعد روایتی حریفوں کے درمیان ایک اور ہلاکت خیز جنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ روس نے کہا کہ وہ متحارب فریقوں کے درمیان جنگ بندی کرانے کے قریب پہنچ گیا ہے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کئی گھنٹے نسبتاً پر امن رہے لیکن بعد ازاں، آذربائیجان نے آرمینیا کی افواج پر معاہدے کی سخت خلاف ورزی کا الزام لگایا۔ آرمینیا نے عالمی رہنماو¿ں سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن سرحدی ملک آذربائیجان کی فوجیں تشدد کے لیے اس کی سرزمین پر پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہیں۔ اینٹونی بلنکن کے ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن متحارب پڑوسیوں کے درمیان لڑائی کو فوری طور پر بند کرنے اور تنازع کے پرامن تصفیے پر زور دے گا۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے آذربائیجان کے اپنے ہم منصب کو فون کر کے گہری تشویش کا اظہار کیا اور جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے پر زور دیا۔ قبل ازیں، آرمینیا کے وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو فون کرکے مطالبہ کیا ہے کہ آذربائیجان کی جارحانہ کارروائیوں پر مناسب ردعمل دیا جائے۔ آرمینیا کی وزارت دفاع نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد جھڑپوں میں کمی ہو گئی ہیں لیکن سرحد پر صورتحال اب بھی سخت انتہائی کشیدہ ہے۔














