اسلام آباد، 09 ستمبر (یو این آئی) پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کم از کم 36 مزید لوگوں کی موت ہو گئی ہے ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم از کم 15 بچے اور چھ خواتین ان لوگوں میں شامل ہیں جو ملک میں مون سون بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب اور دیگر متعلقہ واقعات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ جس کی وجہ سے اب مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,391 ہوگئی ہے اور اس کے علاوہ 12,722 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پورے ملک میں بارشوں سے 17,39,166 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور تقریباً 754,708 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ اب تک 177,265 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور 6,63,869 دیگر اس وقت کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔