سری نگرپولیس نے مویشی چوروں کے گروہ کاپردہ فاش کرتے ہوئے 4گائےں،7بچھڑے اور7بکریاں برآمد کیں ۔4ملوث چوروں کوگرفتار کرنے کیساتھ ساتھ ایک گاڑی بھی ضبط کی گئی ۔اطلاعات کے مطابق سری نگر میں پولیس نے مویشیوں کی چوری کے ایک معاملے کو حل کرتے ہوئے اس میں ملوث5 ملزمین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں مالیت کے مسروقہ مویشی برآمد کئے۔پولیس نے ایک بیان میں بتایاکہ 4جولائی2022کو پولیس اسٹیشن سنگم عیدگاہ کو مشتاق احمد کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ سید پورہ سنگم میں واقع ان کے گاﺅخانے میں کچھ نامعلوم چور داخل ہوئے اور انہوںنے یہاںسے2گائیں چرانے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے انہیں بھگا دیا۔ اس کے مطابق، ایف آئی آر نمبر 24/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ سنگم عیدگاہ سری نگر میں ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی ۔اس سلسلے میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور جائے وقوعہ کے قریب تکنیکی شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک گاڑی جس پررجسٹریشن نمبرJK16A-5693 تھا، کی نشاندہی کی گئی، جسے ارتکاب جرم میں استعمال کیا گیا تھا اور اس گاڑی کو ضبط کر لیا گیا۔ سخت کوششوں کے بعد ملزم کی شناخت ہلال احمد چوپان ولدعبدالغنی چوپان ساکنہ ہائن پالپورہ کنگن حال رکھ کالونی نورباغ سری نگر کے طور پر کی گئی۔اس کے قبضے سے چوری شدہ مویشی جن میں2 گائیں اور 2 بچھڑے شامل ہیں برآمد ہوئے جو اس نے رکھ کالونی نورباغ میں اپنے کرائے کے احاطے میں رکھے تھے۔کیس کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ 4 مزید ملزمان جن میں عبدالمجید کمار ولد غلام نبی کمار ساکنہ لال پورہ لولاب،بلال احمد آہنگز ولد محمد صدیق آہنگر ساکنہ ناگبل یوس مرگ اور ظفر اقبال ملک ولد گلزار احمد ملک سیکی ڈافر کو ملوث کیا گیا اور اُن کی نشاندہی پرپلوامہ، کنگن اورکھنموہ سے مزید 2 گائےں،5 بچھڑے اور 7بکریاں برآمد کی گئیں، جو انہوں نے چیک مج گنڈ شالٹینگ ، میرگنڈ، سنگھ پورہ ،ہائیگام اور تجر شریف سوپور سے چوری کی تھیں۔ متعلقہ تھانوں کو مزید کارروائی کےلئے مطلع کر دیا گیا۔ عام لوگوں کو ایک بار پھر مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں کیونکہ اس سے ایسے جرائم کو حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔