لیفٹیننٹ گورنر کی صدارت میں جائزہ میٹنگ، ٹیلی کنسٹیشن اور ٹیکہ کاری پر دیا زور
سرینگر/
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کشمیر میں کوروناوائرس کے صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں انہوںنے ٹیلی کنسلٹیشن (فون کے ذریعے مریضوں کے علاج ) اور دور دراز علاقوں تک طبی خدمات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ۔ میٹنگ میں انہوں نے جموں کشمیر میں کوروناوائرس کے بڑھتے معاملات اور کووڈ کی روک تھام کےلئے سرکاری سطح پر اُٹھائے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ٹسٹنگ کے عمل میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ کووڈ ٹیکہ کاری میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ کووڈ کے مثبت کیس جن علاقوں سے سامنے آتے ہوں ان علاقوں میں عام ٹسٹنگ کے عمل کو بڑھایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے ہیلتھ ورکروں اور عمر رسیدہ افراد کےلئے حفاظتی ٹیکہ دینے کی طرف توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق جموں کشمیر میں کوروناوائرس کے مثبت معاملات میں اضافہ کے پیش نظر جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج ہیلتھ افسران ، ڈی سی ، ایس پیز اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ایک میٹنگ میں کووڈ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ اس میٹنگ میں ڈائریکٹر ہیلتھ کشمیر ، ناظم صحت جموں ، چیف سیکریٹری ، جموں اور کشمیر صوبوں کے صوبائی کمشنروں ، تمام اضلاع کے ضلع کمشنروں کے علاوہ ایس پیز ، ایس ایس پیز اور دیگر حکام نے ورچول میوڈ پر شرکت کی ۔ اس موقعے پر حکام نے جموں کشمیر میں کووڈ کے بڑھتے معاملات پر روک لگانے کےلئے انتظامیہ کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں ایل جی موصوف کو جانکاری فراہم کی ۔ منوج سنہا نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ گھروںمیں ہوم کورنٹائن رکھے گئے مریضوں کےلئے ٹیلی کنسٹیشن کی طرف توجہ دیں تاکہ گھروں میں مریضوں کے صحت صورتحال سے باخبر رہا جائے ۔ انہوںنے اس موقعے پر دور دراز علاقوں میں کووڈ روکتھام اور علاج و معالجہ کی سہولیات بہم رکھنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں کووڈ مریضوں کے علاج معالجہ کو یقینی بنانے کےلئے ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ تال میل بنائے رکھیں۔ میٹنگ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کووڈ سے بچاﺅ کی تدابیر کے ساتھ ساتھ اقتصادی تحفظ کی طرف بھی دھیان دیا جانا چاہئے اور اکنامک سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس عالمی وبائی وائرس سے بچاﺅ کےلئے کووڈ مخالف ویکسین ایک موثر آلہ ہے اور ہمیں ویکسنیشن کی طرف زیادہ سے زیادہ توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے افراد، ہیلتھ ورکروں اور عمر رسیدہ افراد کو کووڈ کا بوسٹر ڈوز دیئے جانے کی طرف ہمیں توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ لیٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان علاقوں میں ٹسٹنگ کے عمل میں تیزی لائیں جہاں سے کووڈ کے زیادہ معاملات سامنے آرہے ہوں۔ایل جی موصوف نے ہدایت دی کہ کووڈ ایس او پیر پر سختی سے عمل کرانے کےلئے زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جانے چاہئے اور کووڈ گائیڈ لائنوں پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ کووڈ مناسب طرز عمل اپنے روح کے ساتھ نافذ العمل ہو۔ ایل جی موصوف نے اس دوران پنچائت سطح پر کووڈ سنٹروں میں کووڈ مریضوں کی صحت دیکھ بال کےلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھانے پر بھی زور دیا ہے ۔