ضلع سرینگر میں کووروناوائرس کے کیسوں میں تیزی آنے کے پیش نظر انتظامیہ نے کووڈ ٹسٹنگ اور ویکسی نیشن کے عمل میں سرعت لاتے ہوئے عوامی جگہوں پر لوگوں کے ٹسٹ کرانے شروع کردئے ہیں ۔ ضلع سرینگر میں کووڈ 19کے مثبت معاملات میں اضافہ آنے کے بعد سے انتظامیہ نے کووڈ ٹسٹنگ اور ٹیکہ کاری مہم میں تیزی لائی ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے یومیہ معاملات میں اضافہ کے بیچ جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر میں ضلع انتظامیہ نے ٹیسٹنگ اور ویکسنیشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ ہیلتھ نے بلوارڈ میں دن بھر راہگیروں کے رپیڈ ٹیسٹ کئے جس میں اکثر کی رپورٹ منفی آئی۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ’پچھلے کچھ ایام کے دوران شہر سری نگر میں کووڈ کے یومیہ معاملات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کے پیش نظر محکمہ صحت نے عملے کو متحرک کیا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراﺅں اور سومو اڈوں کے نزدیک محکمہ صحت کی جانب سے راہگیروں کے رپیڈ ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں بھی محکمہ صحت کی جانب سے طبی کیمپ لگائے جا رہے ہیں جہاں پر لوگوں سے تلقین کی جا رہی ہیں کہ جنہوں نے ابھی تک کورونا ٹیکہ نہیں لگوایا ہے وہ فوری طور پر کورونا ویکسین کا ٹیکہ لیں۔














