نئی دلی۔27؍ اکتوبر/ ہاؤسنگ اور شہری امور اور پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر جناب ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ شہری ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کے تئیں حکومت کے نقطہ نظر میں 2014 کے بعد نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ وزیر موصوف آج یہاں 16ویں اربن موبلٹی انڈیا (یو ایم آئی) کانفرنس کم ایکسپو 2023 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب پردیپ سنگھ کھرولا، ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے سکریٹری جناب منوج جوشی اور دہلی میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب وکاس کمار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب کے دوران، شری ہردیپ سنگھ پوری نے ریل پر مبنی ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے میدان میں ملک میں ہونے والی بڑی تبدیلی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ہندوستان میں میٹرو ریل کے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ملک میں میٹرو نیٹ ورک کی ترقی کی رفتار میں حالیہ برسوں میں بے مثال اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 2014 میں ہندوستان میں صرف 248 کلومیٹر میٹرو ریل چل رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ محض 9 سالوں میں آج 20 مختلف شہروں میں 895 کلومیٹر میٹرو لائنیں چل رہی ہیں۔وزیر نے کہا کہ اس وقت ہندوستان کا میٹرو نیٹ ورک دنیا کا تیسرا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے 2 سے 3 سالوں میں ہمارا میٹرو نیٹ ورک امریکی میٹرو نیٹ ورک کی آپریشنل لمبائی کو پیچھے چھوڑ دے گا، اور دنیا کا دوسرا سب سے بڑا میٹرو نیٹ ورک بن جائے گا۔جناب پوری نے کہا کہ میٹرو نیٹ ورک نے ہمارے شہریوں کی زندگیوں میں سکون، استحکام اور سلامتی لایا ہے۔ "مجھے یہ جان کر خوشی ہو رہی ہے کہ میٹرو نیٹ ورک میں روزانہ تقریباً 1 کروڑ کی سواری ہوتی ہے۔” انہوں نے کہا کہ آخری میل رابطے کی آسانی اور دیگر عوامل کے ساتھ سواریوں کی تعداد میں اضافہ ہونے والا ہے۔وزیر نے علاقائی اور بین شہر رابطے میں علاقائی ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم (آر آر ٹی ایس) اور وندے بھارت ٹرینوں کی اہمیت کو بھی نوٹ کیا۔