سرینگر/ ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے آج کچن گارڈن پریمیس میں سبزیوں کے بیجوں کی تقسیم کے چھٹے مرحلے کا یہاں لال منڈی، سری نگر میں آغاز کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت نے کچن گارڈن، ہائی ٹیک پولی ہاؤس انسٹالیشنز کے متعلقہ افسران/ اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ کاشتکاروں کو مختلف سبزیوں کی فصلوں کی وافر مقدار میں پودے فراہم کرنے کے بلند حوصلہ جاتی ہدف پر بھرپور طریقے سے عمل پیرا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے کسانوں کو سال بھر سبزیوں کے بیجوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے بہت سے اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ڈائریکٹر زراعت نے خطے کے لیے متنوع سبزیوں کی کاشت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں سبزیوں کی کاشت کی مضبوطی کاشتکار برادری کو معاشی تحفظ کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ہمارے موسمی حالات سبزیوں کی کاشت کے لیے ملک میں سب سے زیادہ موزوں ہیں (روایتی، غیر ملکی) اور اس صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے ایک باہمی تعاون کی ضرورت ہے جس میں کاشتکار برادری اور محکمہ دونوں کو آگے آنا ہوگا اور کندھے سے کندھا ملا کر کام کرنا ہوگا۔قبل ازیں ڈائریکٹر زراعت نے چاڈورہ بڈگام کے سبزی اگانے والے علاقوں کا دورہ کیا اور علاقے میں جدید ترین سائنسی خطوط پر کاشت کی جانے والی سبزیوں کی فصلوں کا جائزہ لیا۔