منگل کوعلی الصبح 630حجاج سری نگر پہنچے ،اعلی سیول وپولیس حکام ،ڈاکٹر فاروق اوراُنکے رفقاءنے کیا والہانہ استقبال
سری نگر/سعودی عرب میں فریضہ حج اداکرنے کے بعدجموں وکشمیر اورلداخ کے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا،اور منگل کو علی الصبح حجاج کاپہلا قافلہ سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچا،جہاں اعلیٰ سیول وپولیس حکام اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدااللہ نے حجاج کرام کا والہانہ استقبال کیاحکام نے بتایاکہ حجاج کرام کی پہلی پروازیں منگل کوعلی الصبح سری نگر ایئرپورٹ پر پہنچنا شروع ہوئیں جہاں اعلیٰ سیول وپولیس حکام نے ان کا استقبال کیا۔انہوںنے بتایاکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعدمنگل کو630کے لگ بھگ حجاج سری نگرپہنچ گئے ۔انہوںنے کہاکہ بدھ کی صبح بھی جموں وکشمیر اور لداخ سے تعلق رکھنے والے600سے زیادہ حجاج کرام سری نگر پہنچیں گے اور جمعرات کی صبح بھی اتنے ہی حجاج کرام کے یہاں پہنچنے کی توقع ہے ۔حکام کاکہناتھاکہ سعودی عرب سے حجاج کرام کی سری نگر کےلئے خصوصی حج پروازیں18 جولائی سے2 اگست تک جاری رہیں گی۔انہوںنے بتایاکہ منگل کی صبح سری نگرہوائی اڈے پر صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بیدھوری اورڈی آئی جی سینٹرل کشمیر سوجیت کمارنےحجاج کرام کے پہلے قافلے کا کا پرتپاک استقبال کیاجبکہ، ڈپٹی کمشنر بڈگام، اکشے لابرو، ایس ایس پی بڈگام الطاہر گیلانی، اے ڈی ڈی سی ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک، ایگزیکٹیو آفیسر جموں و کشمیر حج کمیٹی، ڈاکٹر شجاعت احمد قریشی، حج اتھارٹیز اور دیگرافسران بھی یہاں موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر کشمیر اور دیگر سیول وپولیس حکام نے سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچنے والے حجاج کااستقبال کیا اور انھیں مقدس سفر کے کامیاب اختتام پر مبارکباد دی۔حجاج کے ساتھ بات چیت کے دوران، ڈویڑنل کمشنرکشمیر نے ان کی ہموار اور پرامن سفر کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے حجاج کرام کی آسانی سے آمد کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے مقامات کی طرف یاتریوں کی آرام دہ اور پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنائیں۔ایگزیکٹیو آفیسر، جموں و کشمیر حج کمیٹی شجاعت احمد قریشی نے کہا کہ حکام نے حج پروازوں کی آمد سے متعلق مختلف امور کے حوالے سے پہلے ہی انتظامات کر لئےہیں۔اس دوران نیشنل کانفرنس کے صدر اورسابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ممبر پارلیمنٹ حسنین مسعودی کے ہمراہ حجاج کااستقبال کیا ،اوراُن سے بات چیت کی ۔حکام نے بتایاکہ منگل کی صبح سری نگر ہوائی اڈے پہنچنے والے سبھی حجاج کرام کو خصوصی بسوںمیں حج ہاﺅس بمنہ پہنچایاگیا،جہاں سے بعدازاں وہ اپنے منتظر عزیزواقارب کیساتھ گاڑیوںمیں سوار ہوکر اپنے اپنے گھروںکی جانب روانہ ہوگئے ،اس دوران حج ہاﺅس میں نعرہ تکبیر اللہ اکبر کی گونج سنائی دی ۔حکام نے بتایاکہ اس سال جموں وکشمیر اور لداخ سے تعلق رکھنے والے12ہزار سے زیادہ عازمین جن میں 6698مرد اور5369خواتین عازمین نے فریضہ حج اداکیاجبکہ اسکے اس سال111 بغیر محرم خواتین نے بھی فریضہ حج ادا کیا۔