کہا، حکومت جموںوکشمیر یوٹی کو ایک خوشحال او رترقی یافتہ خطہ میں تبدیل کرنے کیلئے پُر عزم ہے
حکومت کی طرف سے حال ہی میں اُٹھائے گئے عوام دوست اقدامات کے بارے میں بتایا
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج عالمی سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ جموںوکشمیر کے مواقعوں کی غیر دریافت شدہ زمین میں سرمایہ کاری کریں تاکہ وہاں کی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ فوائد کو حاصل کیا جاسکے۔اِن باتوں کا اِظہار ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے یہاں لندن میں اِنسٹی چیوٹ آف ڈائریکٹرس اِنڈیا کی طرف سے منعقدہ کارپوریٹ گورننس اور پائیداری کے بارے میں لندن گلوبل کنونشن 2022ءمیں بطور مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف سیکرٹری نے مندوبین کو جموںوکشمیر میں دستیاب سرمایہ کاری کے وسیع مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ۔ اُنہوں نے ان سے گزارش کی کہ وہ جموںوکشمیر کو اُمید ، خوشحالی اور ترقی کی کامیابی کی کہانی میں تبدیل کرنے کی کوششوں میں جموںوکشمیر کا ساتھ دیں۔اُنہوں نے کہا کہ اِس عالمی تقریب میں ان کی شرکت کا مقصد عالمی کاروبار ی برادری کے درمیان اعتماد پیدا کرنا او رسرمایہ کاری کے ایک ممکنہ مقام کے طور پر جموںوکشمیر کی طاقت کو ظاہر کرنا ہے۔اُنہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت ’ اتمانربھر بھارت ‘ مہم کے تحت ہندوستان کو عالمی سپلائی چین کا مرکز بنانے کے لئے جوش و خروش سے کام کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے یاد دِلایا کہ اِس سمت میں میک اِن اِنڈیا ، ووکل فار لوکل ، ضلع کے تحت برآمدات کو ایکسپورٹ ہب کے طور پر فروغ دینا ، ایم ایس ایم اِی صنعتوں کے لئے گھریلو اور عالمی ویلیو چینوں کے لئے مارکیٹ لنک وغیرہ جیسے بہت سے اقدامات اِس سمت میں شروع کئے گئے ہیں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ اِس پس منظر میں جموںوکشمیر اِنڈسٹریل پالیسی 2021-30 سابقہ صنعتی پالیسیوں سے ایک خوش آئند تبدیلی ہے اور جموںوکشمیر میں صنعتی ماحولیاتی نظام ایک مثالی تبدیلی کا مشاہدہ کرنے کے لئے تیار ہے۔اُنہوں نے مقامی اقدامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ،” جموںوکشمیر حکومت نے ترقی کی راہ میں جرا¿ت مندانہ اور فیصلہ کن قدم اُٹھائے اور جموںوکشمیر یوٹی تیزی سے قومی اقتصادی رفتار کے ساتھ انضمام کی طرف بڑھ رہا ہے تاکہ ایک خوشحال اور خود انحصار یونین ٹیریٹری بن سکے۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ اہم فیصلے لئے گئے ہیں جنہوں نے آئینی ڈھانچے کو تبدیل کیا ہے ، جموںوکشمیر اور باقی ملک کے درمیان مصنوعی قانونی اور اقتصادی رُکاوٹوں کو دُور کیا ہے اور جموںوکشمیر کو پوری دُنیا کے ساتھ اورملک کے دیگر حصوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا ہے۔