پالیتھین کے استعمال کے خلاف حکام نے آج اپنی نوعیت کی پہلی کارروائی کے تحت سوپور میں گیارہ افراد کے خلاف کیس درج کرلیا ہے جو پلاسٹیک بیگوں کا استعمال کررہے تھے ۔اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور قصبے میں کم از کم گیارہ افراد کے خلاف سنگل یوز پلاسٹک (ایس یو پی) رکھنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، حکام نے بدھ کو یہاں بتایا کہ 11 افراد کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 290 کے تحت ممنوعہ ایس یو پی رکھنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، جب کہ رجسٹریشن کے لیے متعلقہ تھانے کو باقاعدہ خط بھی بھیجا گیا ہے۔ دریں اثنا، پریذیڈنٹ میونسپل کونسل سوپور، مسرت کار نے کہا کہ 2022 میں کم از کم 497 کلو گرام پولی تھین ضبط کیا گیا ہے، اس کے علاوہ خلاف ورزی کرنے والوں پر 62ہزارروپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سوپور کے متعلقہ تھانوں میں 11 ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پلاسٹک کے تھیلوں اور ممنوعہ پلاسٹک کی اشیاءکی فروخت یا استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔