کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کےخلاف اپیل پر سماعت
لاہور: ۴۲ اگست (ایجنسیز) لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انہیں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ 20 اگست کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے-108 فیصل آباد سے ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کےخلاف لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی تھی۔ عمران خان کے این اے 108 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ دائر کردہ اپیل میں عمران خان نے مو¿قف اپنایا تھا کہ ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے، تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جبکہ باقی حلقوں سے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔ اپیل میں استدعا کی گئی تھی کہ الیکشن ٹریبونل ریٹرنگ افسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور این اے 108 سے الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل کے دلائل سننے بعد ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ یاد رہے کہ 17 اگست کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے-108 فیصل آباد کے ریٹرننگ افسر نے اثاثوں کی تفصیل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضمنی انتخاب کے لیے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے۔