19 ہزار 762 مکانات کو نقصان،ایک لاکھ 7 ہزار 377 مال مویشی بھی ہلاک
اسلام آباد: ۵۱ اگست (ایجنسیز) حالیہ مون سون سیزن کی بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونےوالے صوبے بلوچستان میں مزید 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق یکم جون سے اب تک صوبے میں پری مون سون اور مون سون بارشوں کے نتیجے میں مختلف واقعات میں 196 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ مرنےوالوں میں 96 مرد، 45 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں جبکہ مختلف حادثات سے 81 افراد زخمی بھی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر 19 ہزار 762 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 5 ہزار 107 مکانات منہدم اور 14 ہزار 660 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ اس کے ساتھ ساتھ سیلاب نے صوبے کے انفرااسٹرکچر کو بھی بھاری نقصان پہنچایا ہے، سیلابی صورتحال کی وجہ سے صوبے کے مختلف علاقوں میں 18 پُلوں اور 690 کلو میٹر شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ بارشوں کے باعث ایک لاکھ 7 ہزار 377 مال مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اتھارٹی کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرہ اضلاع قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، سبی اور کوہلو میں 800 خوراک کے پیکٹس، 1500 خیمے، 500 کمبل، 200 کولر، 300 چٹائیاں اور 300 گیس سلنڈر پہنچائے گئے۔ کئی روز سے جاری مسلسل بارشوں کے باعث سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔