پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر جلد انتخابات کے انعقاد کیلئے دھرنا جاری
بغداد: ۹ اگست (ایجنسیز)عراق کے جنوبی صوبے بصرہ میں شدید گرمی میں بجلی کی بندش کی وجہ سے مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں کو بند کر دیا۔ پیر کو بجلی کی بندش کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائروں کو جلاتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کو جانے والی مرکزی شاہراہ بند کر دی۔ دوسری جانب طاقتور شیعہ عالم مقتدا الصدر کے حامیوں کا عراقی پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر جلد انتخابات کے انعقاد کے لیے دھرنا جاری ہے۔ بصرہ میں مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ مقتدا الصدر کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں اور حکومتی کرپشن سے تنگ آ چکے ہیں۔ اس حوالے سے 35 سالہ علی حسین نے کہا کہ ’یہ پہلی بار نہیں کہ ہم احتجاج کر رہے ہیں اور یہ ا?خری بار بھی نہیں ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’ہم (مقتدا الصدر) کی حمایت کرتے ہیں اور کہے گے کہ وہ کرپٹ (افراد) کو سزا دیں۔‘بصرہ کے گورنر اسد العیدانی کے مطابق مظاہروں کا آغاز چھ جنوبی صوبوں میں شدید گرمی میں طلب میں زیادہ اضافے کی وجہ سے بجلی کے گرڈ کے کام نہ کرنے کی وجہ سے ہوا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی حالیہ بندش کی وجہ بجلی گھر میں لگنے والی آگ ہے۔ نجف میں ایران کے حمایت یافتہ نیم فوجی گروہوں کے نیٹ ورک حشد الشعبی کے اسلحے کے ڈپو میں شدید گرمی کی وجہ سے دھماکہ بھی ہوا ہے۔