اسرائیلی فوجیوں کے چھاپے کے دوران 3 فلسطینی جاںبحق، درجنوں زخمی
یروشلم: ۹ اگست (ایجنسیز) اسرائیلی فوجیوں نے منگل کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں گرفتاری کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین فلسطینیوں کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔ اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے درمیان تین روز تک جاری رہنے والی جنگ بندی کے خاتمے کے ایک دن بعد غزہ کی پٹی میں فائرنگ کا یہ واقعہ ہوا ہے۔ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ فورسز نے فلسطینی ابراہیم النبلسی کے گھر کو گھیرے میں لے لیا،جو فورسز کے بقول رواں سال کے آغاز میں مغربی کنارے میں فائرنگ کے سلسلے میں مطلوب تھے۔ فورسز نے تصدیق کی ہے کہ ابراہیم النبلسی اور ایک اور فلسطینی جنگجو جائے وقوعہ پر فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے علاوہ ازیں فوجیوں کو النبلسی کے گھر سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ملا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی جانب سے فوجیوں پر پتھراو¿ کیا گیا اور دھماکہ خیز مواد پھینکا گیا جس کا جواب فوجیوں نے براہ راست فائرنگ سے دیا۔ اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کو گولی مار نے کی تصدیق کی گئی ہے تا ہم ان کی حالت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ اس واقعہ میں تین فلسطینی ابراہیم النبلسی، اسلام صبوح اور حسین جمال طہٰ ہلاک اور کم از کم 40 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیل نےرواں سال کے شروع میں اسرائیلیوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں فلسطینی عسکریت پسند گروپوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔ حالیہ مہینوں میں مغربی کنارے کے علاقے میں رات کے وقت گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جس میں 19 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ فلسطینیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف اوقات میں چھاپوں کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔ گذشتہ ہفتے مغربی کنارے کے شہر جنین میں ایک سینئر عسکریت پسند بسام السعدی اسرائیلی سرچ آپریشن کے دوران گرفتار ہوئے تھے۔فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہےکہ غزہ میں تین دنوں سے جاری لڑائی کے دوران کم از کم 46 فلسطینی ہلاک ہوئے، جن میں 16 بچے اور چار خواتین شامل ہیں اس کے علاوہ 311 زخمی ہوئے۔ہلاک ہونے والوں میں سے بارہ عسکریت پسند تھے، ایک کا تعلق چھوٹے مسلح گروپ سے تھا اور دو حماس سے وابستہ پولیس اہلکار تھے جو مسلح دھڑوں کے مطابق لڑائی میں حصہ نہیں لے رہے تھے۔