منیلا: ۷۲ جولائی (ایجنسیز) شمالی فلپائن میں شدید زلزلے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق وزیر داخلہ بنجمن ابالوس نے ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والی نیوز کانفرنس میں بتایا کہ دو افراد بینگویٹ صوبے میں جبکہ ایک صوبہ ابرا اور ایک دوسرے صوبے میں ہلاک ہوا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے اعداد و شمار کے مطابق زلزلہ ڈولورس قصبے سے 11 کلومیٹر جنوب مشرق میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے فیس بک پر کہا کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں افسوسناک اطلاعات کے باوجود ہم ضرورت مندوں اور اس آفت سے متاثر ہونے والوں کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ریاستی زلزلہ پیما ایجنسی کے ڈائریکٹر ریناٹو سولیڈم نے ڈی زیڈ آر ایچ ریڈیو اسٹیشن کو بتایا کہ شدید آفٹر شاکس متوقع ہیں۔