مختلف ممالک کے ساتھ عدالتی شعبے میں تعاون بڑھانے کی سمت میں ایک اور قدم
نئی دہلی، ۰۲جولائی (یو این آئی) مختلف ممالک کے ساتھ عدالتی شعبے میں تعاون بڑھانے کی سمت میں ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے مالدیپ کے ساتھ عدالتی تعاون پر مفاہمت نامے پر دستخط کو منظوری دے دی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے بدھ کو یہاں ہندوستان اور مالدیپ کے جوڈیشل سروس کمیشن کے درمیان عدالتی تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تجویز کو منظوری دی۔ ہندوستان اور دیگر ممالک کے درمیان عدالتی شعبہ میں تعاون پر یہ آٹھواں معاہدہ ہے ۔ایم او یو عدالتوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک مناسب پلیٹ فارم فراہم کرے گا اور دونوں ممالک کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کے لیے ترقی کا ایک ممکنہ شعبہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ہندوستان اور مالدیپ کے تعلقات حالیہ برسوں میں بڑھے ہیں۔ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان عدالتی اور دیگر قانونی شعبوں میں علم اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو قابل بنائے گا بلکہ "پڑوسی پہلے ” پالیسی کے مقاصد کو بھی آگے بڑھائے گا۔














