کولمبو میں پارلیمنٹ ہا¶س کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی
کولمبو، ۶۱جولائی (یو این آئی) صدر گوٹابایا راجا پاکسے کے ملک چھوڑنے کے بعد سری لنکا کے اراکین پارلیمنٹ نے اب نئے لیڈر کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا ہے جو سابق صدر کی باقی ماندہ مدت پوری کرے گا۔ خلیج ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔ وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے جمعہ کو عبوری صدر کے طور پر حلف اٹھایا۔ وہ اس عہدے پر اس وقت تک فائز رہیں گے جب تک کہ مسٹر راجا پاکسے کا جانشین پارلیمنٹ کے ذریعے منتخب نہیں کر لیا جاتا۔ واضح رہے کہ مسٹر راجا پاکسے کی میعاد 2024 میں ختم ہو رہی ہے ۔ دریں اثنا، اسپیکر مہندا یاپا ابھے وردھن نے بھی اس کیلئے صاف ستھرے سیاسی عمل کا وعدہ کیا ہے ۔ ملک کا نیا صدر نئے وزیر اعظم کا تقرر کر سکتا ہے جس کی پارلیمنٹ سے منظوری لی جائے گی۔ دریں اثنا، دارالحکومت کولمبو میں پارلیمنٹ ہا¶س کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ، مسلح نقاب پوش فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے اطراف کی سڑکوں کو عام لوگوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے ۔ ایک ٹیلی ویژن بیان میں مسٹر وکرماسنگھے نے کہا کہ وہ صدر کے اختیارات کو محدود کرنے ، پارلیمنٹ کو مزید طاقتور بنانے ، امن و امان کی بحالی اور باغیوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے آئین میں تبدیلی کے لیے اقدامات کریں گے ۔