نیپدا¶(یواین آئی) میانمار کے فوجی حکام نے منگل کو نظر بند سیاسی رہنما آنگ سان سو چی کے خلاف مقدمہ چلانے کا اعلان کر دیا۔ سوچی پر انتخابات میں دھوکا دہی اور طاقت کے غلط استعمال کے نئے الزامات کے تحت مقدمے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے ۔ ایک عدالت کے جج نے اولین فیصلہ سنانے کی تاریخ بھی مقرر کر دی ہے ۔ نوبل امن انعام یافتہ سوچی ان 16 افراد میں شامل ہیں، جن پر انتخابی عمل میں دھاندلی اور غیر قانونی اقدامات کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ سوچی کو یکم فروری کے روز فوجی بغاوت سے چند گھنٹے پہلے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کو پنے خلاف گیارہ فوجداری مقدمات کا سامنا ہے اور مجموعی طور پر انہیں سو سال سے زائد کی سزائے قید سنائی جا سکتی ہے ۔ ان پر ایک الزام آفیشل سیکرٹس ایکٹ کی خلاف ورزی کا بھی ہے۔