الریاض(یواین آئی) مملکت سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا ورچوول اجلاس منعقد ہوا۔ سعودی میڈیا کے مطابق ریاض میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سعودی عرب اور چین ہائیڈروجن توانائی شعبہ میں تعاون کریں گے ، اس سلسلے میں سعودی کابینہ نے چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار وزیر توانائی کو تفویض کیا ہے ۔ سعودی میڈیا کے مطابق اجلاس میں کابینہ ارکان کو دوست ممالک سے مذاکرات اور ملاقاتوں کے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سعودی کابینہ کے اجلاس میں موسمی تبدیلی اور ماحولیات سے متعلق مملکت کے اقدامات کی ستائش کی گئی۔ اجلاس میں حوثیوں کے ڈرون حملوں کی سلامتی کونسل کی طرف سے مذمت کا خیرمقدم کیا گیا جبکہ 3 حوثی دہشتگردوں کو بلیک لسٹ کرنے کے سلامتی کونسل کے فیصلے کو بھی خوش آئند قدم قرار دیا۔