ٹورنٹو،14مارچ/ کینیڈا میں ٹرک لوگوں پر چڑھ دوڑا۔ زد میں آکر 2 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ کیوبیک کے چھوٹے سے قصبے امکے میں پیر کو ایک پک اپ ٹرک کی زد میں آنے سے دو افراد ہلاک اور تین بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ کیوبیک پولیس کی ترجمان ہیلن سینٹ پیئر نے ”اے ایف پی“ کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایک 38 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ہلاک ہونے والے دونوں افراد معمر تھے۔ ایک شخص عمر کی آٹھویں دہائی اور دوسرا ساتویں دہائی میں تھا۔ ہیلن سینٹ پیئر نے بتایا کہ حادثہ کے حالات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ سب کچھ بتاتا ہے کہ یہ ایک الگ تھلگ کارروائی ہے۔ علاقے میں مزید کوئی خطرہ نہیں ہے اور یہ صرف ایک مشتبہ شخص تھا۔واضح رہے یہ سانحہ جی ایم ٹی وقت کے مطابق 19 بجے اور مقامی وقت کے مطابق 15 بجے پیش آیا۔ کیوبیک شہر کے شمال مشرق میں چھوٹے قصبے امکے میں صرف 6 ہزار افراد مقیم ہیں۔ عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ پک اپ ٹرک فٹ پاتھ پر موجود متعدد افراد سے ٹکرا گیا۔ یہ تقریباً 500 میٹر تک سفر کرتا رہا اور دوسرے لوگوں پر چڑھ گیا۔خیال رہے فروری کے آغاز میں ایک شخص نے جان بوجھ کر اپنی بس کو مانٹریال کے قریب ایک نرسری سکول پر چڑھا دیا تھا جس سے 4 سالہ دو بچے ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے تھے۔ 2018 میں کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورنٹو میں ایک شخص نے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی تھی۔ اس واقعہ میں 11 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے تھے۔