تہران، 24 اکتوبر (یو این آئی) ایران نے روس کے ساتھ 40 گیس ٹربائن برآمد کرنے کا معاہدہ کیا ہے ۔ یہ اطلاع ایرانی وزارت تیل سے منسلک شانا نیوز ایجنسی نے دی۔ نیوز ایجنسی نے اتوار کے روز ایران گیس انجینئرنگ اینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی کے سربراہ رضا نوشادی کے حوالے سے کہا کہ ایران گیس کے آلات اور سہولیات کے لحاظ سے اپنی گھریلو ضروریات کا 85 فیصد تک پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ امریکی پابندیوں کے باوجود اس کی گیس کی پیداوار دوگنی ہو گئی ہے ۔ ایجنسی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ایران اور روس نے مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو وسعت دی ہے ۔ جولائی میں دونوں ممالک نے ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کیے تھے جس کے مطابق روس کی جانب سے ایران کی پیٹرولیم صنعت میں تقریباً 40 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اگست کے آخر میں کہا تھا کہ روس اور ایران اپنے تعاون سے متعلق ایک جامع دستاویز کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔