نئی دہلی(یو این آئی) ہندوستانی آٹو پارٹس کی صنعت رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 65 فیصد بڑھ کر 1.96 لاکھ کروڑ روپے ہوگئی، برآمدات 76 فیصد بڑھ کر 68746 کروڑ روپے اور درآمدات 71 فیصد بڑھ کر 64310 کروڑ روپے ہوگئیں۔ یہ تفصیلات آٹوموٹیو کمپوننٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف انڈیا (اے سی ایم اے ۔ ایکما) ،جو ہندوستانی آٹو کمپوننٹ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی سب سے بڑی تنظیم ہے ،آج یہاں جاری ایک رپورٹ میں دی ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں اس صنعت نے گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 65 فیصد اضافہ کیا ہے ۔ ایکما کے ڈائریکٹر جنرل ونی مہتا نے آج کہا کہ آٹو پارٹس کی صنعت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے حالانکہ سپلائی کی رکاوٹوں کی وجہ سے فروخت متاثر ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی کمپنیوں کی برآمدات درآمدات سے زیادہ رہی ہیں، جس سے تقریباً 60 کروڑ ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا ہے ۔ اس موقع پر اے سی ایم اے کے چیئرمین سنجے کپور نے کہا کہ گاڑیوں کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے لیکن سیمی کنڈکٹرز کی سپلائی میں مسائل، لاگت میں اضافہ اور لاجسٹک لاگت اور کنٹینرز کی دستیابی نے آٹوموبائل انڈسٹری کو متاثر کیا ہے ۔ ان سب کے باوجود ہندوستانی آٹو پارٹس کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ریگولیٹری تعمیل کے ساتھ ساتھ بیرون ملک کی منڈیوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔