لاہور : افغانستان کی خواتین فٹبالرز کا دستہ اپنے اہل و عیال اور کوچز کے ہمراہ لاہور پہنچ گیا ہے، دستے میں شامل افراد نے پاکستان پہنچنے پر حکومت اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق افغانستان کی خواتین فٹبالرز کا81رکنی دستہ اپنے اہل وعیال اور کوچز کے ہمراہ طورخم بارڈر کے ذریعے لاہور پہنچ گیا۔فٹبال ہاوس پہنچنے پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر سردار نوید حیدر خان اور دییگر عہدیداروں سمیت اسپورٹس بورڈ پنجاب کے افسران نے افغان دستے کا بھرپور استقبال کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور بہترین مہمان نوازی کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 115افغانی باشندوں کو تیس دن کے لئے ویزے جاری کئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 81افراد کا دستہ پاکستان پہنچا ہے۔ خواتین فٹبالرز اگر پریکٹس کرنا چاہیں تو انہیں تمام سہولیات بھی میسر ہوں گی۔پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ہم افغانستان کی خواتین فٹ بال ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کے دور حکومت میں خواتین کھلاڑیوں کی حیثیت پر سوالات زیر بحث ہیں جس کے باعث خواتین کھلاڑیوں میں غیر یقینی سی کیفیت پائی جارہی ہے۔