میزائل نے تجربے کے دوران تمام معیارات پر پورا اُترتے ہوئے ہدف کو نشانہ بنایا
نئی دہلی، 23 اگست (یو این آئی) ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) اور بحریہ نے منگل کو اوڈیشہ میں مربوط ٹیسٹ رینج سے شارٹ رینج کے ورٹیکل لانچ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ میزائل کی ورٹیکل لانچنگ کی صلاحیت کا پتہ لگانے کیلئے یہ تجربہ بحری جہاز سے کیا گیا اور اس نے فضا میں ڈرون کو درست طریقے سے نشانہ بنایا۔ اس میزائل کو ڈی آر ڈی او نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔ میزائل نے تجربے کے دوران تمام معیارات پر پورا اترتے ہوئے ہدف کو نشانہ بنایا۔ ڈی آر ڈی او اور دیگر متعلقہ لیبارٹریوں کے سائنسدانوں نے ٹیسٹ کے دوران میزائل اور اس کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ڈی آر ڈی او اور بحریہ اور اس ٹیسٹ میں شامل دیگر ٹیموں کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ اس سے بحریہ کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ ڈی آر ڈی او کے چیئرمین نے بھی کامیاب ٹیسٹ کے لیے مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ اس سے بحریہ کی فضائی حملے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔