مسائل پر بحث کا مطالبہ کرنے پر 19 ارکان ایوان سے معطل کردئے گئے
نئی دہلی، 26 جولائی (یو این آئی) راجیہ سبھا کے 19 ارکان کو مہنگائی اور اشیا اور خدمات ٹیکس اور دیگر مسائل پر بحث کا مطالبہ کرنے پر منگل کو اس ہفتے کی بقیہ مدت کے لیے ایوان سے معطل کر دیا گیا۔ معطل ارکان کی جانب سے پوڈیم کے قریب ہنگامہ آرائی اور ایوان سے باہر نہ جانے پر چار بار التوا کے بعد کارروائی پورے دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔چار التوا کے بعد جب شام 4.45 بجے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو ڈپٹی چیئرمین بھونیشور کلیتا نے 19 معطل ارکان کے نام لئے اور انہیں ایوان سے باہر جانے اور کارروائی جاری رکھنے دینے کی اپیل کی۔اس دوران اپوزیشن ارکان پوڈیم کے نزدیک آگئے اور معطل ارکان کے ساتھ نعرے بازی شروع کردی۔مسٹر کلیتا نے معطل ارکان سے بار بار اپیل کی کہ وہ ایوان سے باہر جائیں اور کارروائی کو آگے بڑھنے دیں لیکن ان کی اپیل کا کوئی اثر نہ ہونے کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ایوان کی کارروائی پورے دن کے لیے ملتوی کر دی۔