دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے راجدھانی لکھنو کے اسمرتی اپون میں پارٹی کی روزگار مہا ریلی میں بی جے پی، سماجوادی پارٹی اور کانگریس پر شدید زبانی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے شمشان گھاٹ بنوائے۔ آپ ہمیں موقع دیں، ہم اسکول اور اسپتال بنوائیں گے۔ انہوں نے خود کو بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کا بھگت بتاتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب کا خواب تھا کہ ملک کے ہر باشندے کو بہترین تعلیم ملے، میں اس خواب کو شرمندئہ تعبیر کروں گا۔ انہوں نے بجلی کے معاملہ پر کہا کہ مفت بجلی دینا صرف مجھے آتا ہے، ہم دہلی میں 35 لاکھ لوگوں کو مفت بجلی دے رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر ان کی حکومت بنی تو 18 سال سے زائد کی یوپی کی تمام خواتین کو ہر ماہ ایک ہزار روپے کا اعزازیہ دیا جائے گا۔ کجریوال نے کہا کہ 2017 میں بی جے پی کے سب سے بڑے لیڈر نے کہا تھا کہ شمشان بننے چاہئے۔ یوپی میں بی جے پی کی حکومت آئی تو یوگی جی نے5 سال میں صرف شمشان بنوائے۔ مجھے اسکول اور اسپتال بنوانے آتے ہیں۔ دہلی میں بنواکر آیا ہوں اور اب یوپی میں بھی بنواﺅں گا۔ اب ملک کو صرف خوبصورت اسکول و اسپتال چاہئے۔اروند کجریوال نے کہا کہ پوری دنیا میں یوپی ہی ایسی ریاست ہے، جہاں کورونا کا سب سے زیادہ مس مینجمنٹ ہوا۔ ان سے حکومت بھی نہیں سنبھلی، جس کے سبب پوری دنیا میں شرمندگی ہوئی۔ افسوس کی بات ہے کہ گزشتہ 5 سال میں یوگی حکومت نے نہ صرف شمشان گھاٹ بنوائے، بلکہ بہت سے لوگوں کو شمشان پہنچانے کا کام بھی کیا۔ ان کا اتنا برا مینجمنٹ تھا کہ امریکہ کی سب سے بڑی میگزین میں انہیں 10کروڑ کے اشتہار دینے پڑے۔ دہلی میں کورونا کی شدید لہر تھی، ہم نے اچھا مینجمنٹ کیا، لیکن کوئی اشتہار نہیں دیا۔ دہلی میں کوئی بھی ڈھونڈھ لے، وہاں کجریوال کے ہورڈنگ نہیں ملتے، لیکن ملک کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں، وہاں کے لوگ کہتے ہیں کہ دہلی حکومت نے کورونا مینجمنٹ بہت اچھا کیا۔ انہوں نے بی جے پی کو تشہیری بتاتے ہوئے کہا کہ دہلی میں دہلی حکومت کی 106 ہورڈنگ لگی ہیں جبکہ یوپی کی بی جے پی کی 850 ہورڈنگ لگی ہیں۔ پتہ نہیں وہ اترپردیش کا الکشن لڑ رہے ہیں یا دہلی کا۔ یوگی اشتہار میں کروڑوں روپے پھونک رہے ہیں جو عوام کی محنت کی کمائی کے ٹیکس کے پیسے ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ مجھے سیاست کرنا نہیں آتا صرف اور صرف کام کرنا آتا ہے۔ ایک بار عام آدمی پارٹی کو موقع دیجئے۔ اگر کام کروں گا تبھی پانچ سال بعد ووٹ مانگنے آﺅں گا۔ دہلی میں بھی میں نے لوگوں سے یہی کہا تھا۔ کام کیا تبھی اقتدار میں دوبارہ واپس آیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اترپردیش میں ہماری حکومت بنی تو سبھی کو اجودھیا کی مفت ’تیرتھ یاترا‘ اور رہنے کھانے کا خرچ اٹھائیں گے۔ کجریوال نے یوگی حکومت کو تعلیم کے معاملہ میں کھلا چیلنج دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا یہاں اسکول دیکھنے آئے تو پولیس لگا کر انہیں روک دیا گیا۔ میں وزیر اعلیٰ یوگی کو چیلنج دیتا ہوں کہ دہلی کے کسی بھی اسکول کا معائنہ کر لیں۔ میں دہلی کی طرح یوپی کے اسکول بھی خوبصورت اور شاندار بنانا چاہتا ہوں۔اس سے قبل ان کی آمد پر ریاستی انچارج سنجے سنگھ، ریاستی صدر سبھاجیت سنگھ، ترجمان ویبھو مہیشوری، الیکشن انچارج اشوتوش سینگر کے علاوہ مہیندر سنگھ، امت تیاگی، روہت شریواستو، سورج پردھان سمیت دیگر پارٹی لیڈروں نے ان کا استقبال کیا۔