نئی دہلی(یو این آئی) ملک میں کورونا وائرس کے معاملات میں مسلسل کمی ہو رہی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دس ہزار سے کم کورونا کے نئے کیسز کی تعداد گزشتہ روز کے مقابلے کم ہے ۔ اس دوران اس وبا کی وجہ سے 197 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پیر کے روز ملک میں 59 لاکھ 75 ہزار 469 افراد کو کورونا سے بچا¶ کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک ایک ارب 12 کروڑ 97 لاکھ 84 ہزار 45 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔ منگل کی صبح مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 8865 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 44 لاکھ 56 ہزار 401 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 11 ہزار 971 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد تین کروڑ 38 لاکھ 61 ہزار 756 ہوگئی ہے ۔ ملک میں ایکٹو کیسز 3,303 کم ہو کر 1,30,793 پر آ گئے ہیں۔ اس دوران 197 مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد چار لاکھ 63 ہزار 852 ہو گئی ہے ۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی شرح 0.38 فیصد، صحت یابی کی شرح 98.27 فیصد اور اموات کی شرح 1.35 فیصد پر آگئی ہے ۔ کیرالہ ایکٹیو کیسز میں ملک میں پہلے نمبر پر ہے ، جہاں ایکٹو معاملے 2,446 کم ہو کر 65,367 پر آ گئے ہیں۔ ریاست میں 6,866 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی کورونا سے نجات حاصل کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 49,64,375 ہو گئی ہے ۔ اسی عرصے میں 127 مریضوں کی موت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 35,877 ہو گئی ہے ۔