دورے کے دوران جموں وکشمیر کے حوالے سے اہم اعلان متوقع
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ یکم اکتوبر کو دو روزہ دورے پر جموں وکشمیر آرہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر داخلہ کا دورہ کشمیر غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے کیونکہ دورے کے دوران وہ اہم اعلان کرسکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر میں الیکشن تیاریوں کے بیچ مرکزی وزیر داخلہ یکم اکتوبر کو دو روزہ دورے پر وارد ہو رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ یکم اکتوبر کو وزیر داخلہ جموں وارد ہونگے اور راجوری میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں دورے کے دوران وزیر داخلہ بھاجپا کی کور گروپ میٹنگ کی بھی صدارت کریں گے جس دوران آنے والے اسمبلی انتخابات کے حوالے سے کی جارہی ہیں تیاریوں کے بارے میں وزیر داخلہ کو آگاہی فراہم کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ دو اکتوبر کو وزیر داخلہ کشمیر وارد ہونگے اور سیدھے کپواڑہ جائیں گے جہاں پر اُنہیں ایک پبلک ریلی سے خطاب کرنا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کشمیر دورے کے دوران وزیر داخلہ اہم اعلان کر سکتے ہیں جس پر سبھی کی نظریں اب ٹکی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ سری نگر میں فوج، پولیس اور سیول انتظامیہ کی مشترکہ میٹنگ کی بھی صدارت کریں گے جس دوران وہ کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کا جموں وکشمیر کا دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور اس دوران وہ اہم اعلان بھی کرسکتے ہیں۔