متعلقہ اَفراد کو اَپنے اَپنے علاقو ں میں نمونے لینے اور جانچ کو بڑھانے کی ہدایت
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے آج جموںوکشمیر میں گلٹی دار جلد بیماری ( ایل ایس ڈی ) کے پھیلاﺅ کو کنٹرول کرنے کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں / کشمیر ، سکاسٹ جموں / کشمیر کے نمائندوں ، تمام اَضلاع کے چیف اینمل ہسبنڈری اَفسران اور دیگر متعلقہ اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔میٹنگ میں ایل ایس ڈی کی صورتحال اور جموںوکشمیر یوٹی میں اِس پر قابو پانے کے لئے اَب تک کئے گئے اَقدامات کے بارے میںتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جموں وکشمیر کے دونوں صوبوں میں تشکیل دی گئی ٹاسک فورس ٹیموں سے اِس بیماری کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے فیڈ بیک حاصل کیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ویکسی نیشن ، جانوروں کی نقل و حمل پر پابندی ، فوگنگ ، ریپڈ رسپانس ٹیموں ، عوامی بیداری کے علاوہ نمونے لینے اور جانچ ، مردہ جانوروں کو ٹھکانے لگانے وغیرہ کے حوالے سے کی گئی کارروائی کے بارے میںمعلومات حاصل کیں۔میٹنگ میں ایل ایس ڈی کو کنٹرول اور روکتھام کے لئے اقدامات ، بائیو سیکورٹی ، آئیسو لیشن ، ڈس اِنفیکشن ، اَدویات کی دستیابی اور علاج شامل ہیں۔اتل ڈولو نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اِس بیماری پر قابو پانے کے لئے مرکزی حکومت کے تمام رہنما خطوط کو مکمل طور پر عملائیں اور اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس سلسلے میں تین اہم چیزیںجیسے جانوروں کی نقل و حمل پر پابندی، بیماری والے جانوروں کو الگ تھلگ کرنا اور تمام علاقوں میں فوگنگ کرنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے دونوں ڈائریکٹروں سے کہا کہ وہ تمام متاثرہ علاقوں میں مطلوبہ اَدویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ اِس پھیلاﺅ سے بروقت نمٹا جاسکے اور انہیں اَپنے اَپنے علاقوں میں سمپلنگ اور ٹیسٹنگ بڑھانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ وہ گھر گھر جا کر بیداری مہم چلائیں تاکہ کسانوں کو بیماری کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاسکے اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو مضبوط بنایا جائے۔اِس سے قبل دورانِ میٹنگ بتایا گیا کہ اَب تک 21,976 جانور ایل ایس ڈی سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے10,017 صحتیاب ہوچکے ہیں ۔میٹنگ میں یہ بھی جانکاری دی گئی کہ 16,146 خوراکیں دی گئی ہیں۔