تمام لوگوں سے 13سے 15 اگست تک اَپنے گھروں پر ترنگا لہرا کر اِس مہم میں شامل ہونے کی اپیل
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج سری نگر کے شہرہ آفاق جھیل ڈل میں ” ہر گھر ترنگا“ ریلی کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ” ترنگا اُتسو“ ملک کے نظریات اور اُمنگوں کا جشن ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ میں سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ 13سے 15 اگست تک اَپنے گھروں پر ترنگا لہرا کر اِس مہم میں شامل ہوں۔ضلعی اِنتظامیہ کے” ترنگا اُتسو“ کے تحت سینکڑوں شکارا آزادی کے 75 سال کی یاد میں منائی جانے والی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر جھیل ڈل میں ایک ساتھ مل کر قوم پرستی اور اَمن کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔ پولیس پائپ بینڈ نے ریلی کا آغاز قومی ترانہ بجا کر کیا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ ’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘ کے زیر اہتمام ” ہر گھر ترنگا “ مہم میں لوگوں کی بھرپور شرکت دیکھنے کو مل رہی ہے۔اِس موقعہ پر چیئرپرسن ڈی ڈی سی سری نگر شیخ آفتاب ملک ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر شیخ محمد اعجاز اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔