لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے مختلف جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کی غرض سے لیتہ پورہ پلوامہ کاتفصیلی دورہ کیا ۔ مشیر نے کئی وفود سے ملاقات کرنے کے علاوہ ڈیساسٹر مینجمنٹ، کووڈ تخفیف کی کوششوں ، پی ڈی ڈی کی موسم سرما کی تیاریوں اور 75 ویں یومِ آزادی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ مشیر کے ہمراہ چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل سید عبدالباری ، ڈپٹی کمشنر بصیر الحق چودھری ، ایس ایس پی محمد یوسف ، ایس ای آر اینڈ بی ، ایگزیکٹو انجینئرز ، ڈسٹرکٹ افسران ، ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چئیر پرسن اور ضلع کے دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ مشیر نے لیتہ پورہ میں کئی جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کا معائینہ کیا ۔ اس موقعہ پر ڈی ڈی سی نے مشیر کو آگاہ کیا کہ ڈی ڈی سی اور پی آر آئی کے ارکان کی جانب سے افتتاح /سنگِ بنیاد کیلئے 650 کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ مشیر نے متعلقین سے کہا کہ وہ تمام پی آر آئی اراکین کو ان کے متعلقہ شعبوں میں جاری تمام کاموں کا معائینہ کرنے کیلئے مشغول کرے تا کہ کاموں کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ کام کی رفتار میں تیزی لائیں اور کاموں کو مکمل کرنے کیلئے ڈیڈ لائین مقرر کریں ۔ بعد میں مشیر موصوف نے یومِ آزادی کی تقریبات کے انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی اور مختلف انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ ڈی سی نے مشیر کو آگاہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یومِ آزادی کی 75 ویں سالگرہ منانے کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور پرچم لہرانے کی مرکزی تقریبات ڈی پی ایل پلوامہ اور ڈی پی ایل اونتی پورہ میں منعقد کی جائیں گی جبکہ ضلع بھر میں 69 مقامات پر اسی طرح کی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا ۔