ایک فوجی اہلکار اور ایک شہری گولیاں لگنے سے زخمی ، علاقے کا محاصرہ جار ی
سرینگر/05اگست/سی این آئی//جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین جاری تصادم آرائی میں اب تک ایک فوجی اہلکار اور ایک شہری گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جن کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے ۔ اس دوران علاقے کا محاصرہ جاری ہے اور وقفے وقفے سے دونوں جانب گولی باری ہورہی ہے البتہ ابھی تک کسی جنگجو کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میںجمعہ کی صبح جنگجوﺅں اور فوج کے مابین تصادم آرائی شروع ہوئی جو فی الحال جاری ہے ۔ ابتداءمیں ہی ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا تھا جبکہ دوپہر کو ایک شہری گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق فوج کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں جنگجو چھپے بیٹھے ہیں جس کے بعد فوج، پولیس اور فورسز نے مشترکہ طور پر آپریشن شروع کیا اور جنگجوﺅں کو ڈھونڈنے کےلئے تلاشی مہم شروع کی ۔ اس دوران کسی کو بھی علاقے میں گھسنے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی جبکہ اس علاقے سے کسی بھی شخص کو باہر جانے کی اجازت نہیں تھی ۔ ذرائع کے مطابق جونہی تلاشی پر معمور نفری اُس جگہ پہنچی جہاں پر جنگجو چھپے بیٹھے تھے تو انہوںنے فوج پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ۔ اس واقعے کے بعد فوج نے بھی جوابی کارروائی شروع کی اور مزید کمک طلب کرتے ہوئے اس جگہ کی گھیراﺅ بندی کی ۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں جنگجوﺅں اور فوج کے مابین جاری تصادم آرائی میں ایک شہری کو بھی گولی لگی ہے جس کی شناخت منظور احمد لون کے بطور ہوئی ہے ۔ آخری اطلاع ملنے تک تصادم آرائی جاری تھی۔ ادھر پولیس نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں جنگجوﺅں کے چھپے بیٹھنے کی اطلاع ملنے کے بعد سیر چ آپریشن شروع کیا گیا اور جنگجوﺅں کو ہتھیار ڈالنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا تاہم انہوں نے پولیس کی پیش کش ٹھکراکر گولہ باری شروع کی جس میں ایک فوجی اہلکار کو گولی لگی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ علاقے کا محاصرہ جاری ہے اور ابھی تک کسی ملیٹنٹ کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔