کنگن میں گاڑی کی ٹکر سے بی ایس ایف اہلکار زخمی، ہسپتال میں زیر علاج
اتوار کی دوپہر رام بن ضلع کے رامسو علاقے میں ایک گاڑی کھائی میں گرنے سے کم از کم 4افراد کی موت ہو گئی ہے، جب کہ 4دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ادھر کنگن میں سڑک کے ایک حادثے میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار زخمی ہوا ہے ۔اطلاعات کے مطابق سب ڈویڑن رامسو میں ہنگنی۔ بدرکوٹ رابطہ سڑک پر ایک سکارپیو گاڑی کے حادثے میں ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پانچ خواتین سمیت چھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ وہیں ایک شدید زخمی خاتون سمیت مزید دو افراد ہسپتال میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہو گئی۔یہ گاڑی ایک شادی کی تقریب سے واپسی کے دوران حادثے کا شکار ہوئی اور قریب ایک ہزار فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ایس ایچ او رامسو نعیم الحق نے بتایا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں ، پولیس اور رامسو کے رضاکاروں نے بچاوکاروائیوں کا آغاز کیا اور بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں کی گاڑی اور ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کو بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا۔اس حادثے میں لقمہ اجل بنے مسافروں کی شناخت ہاجہ بیگم ساکنہ ناچالانہ، عبدالرشید ولد غلام ساکنہ شگن سب ڈویڑن رامسو، زاہدہ بیگم سکنہ نیل اور مشتاق احمد سکنہ شگن کے طور کی گئی ہے۔شدید زخمی خاتون نسیمہ بیگم زوجہ مظفر احمد اور مشتاق احمد ملک ساکنہ شگن کو جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ہے۔دریں اثناءجموں وکشمیر کے وسطی ضلع گاندربل کے مامر کنگن علاقے میں اتوار کی صبح نامعلوم گاڑی نے ڈیوٹی پر مامور اہلکار کو ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اتوار کے روز مامر کنگن کے نزدیک بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار معمول کے مطابق گشت لگا رہے تھے کہ اسی اثنا میں ایک نامعلوم گاڑی نے بی ایس ایف اہلکار کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکار جس کی شناخت نرنگن کمار کے بطور ہوئی ہے کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے کیس درج کرکے نامعلوم گاڑی کی تلاش شروع کی۔