جنوبی ضلع کولگام کے رامپورہ گاوں میں جنگجو سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مفرور ملی ٹینٹوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے کی شب کو سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کولگام کے رامپورہ گاوں کو محاصرے میں لے جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ ذرائع نے بتایا کہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کچھ دیر تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد علاقے میں مکمل طورپر خاموشی چھائی رہی۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے رات بھر گاوں کی تلاشی لی تاہم اس دوران ملی ٹینٹوں کا کئی پر اتہ پتہ نہیں چل سکا۔ معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی صبح فورسز کی جانب سے علاقے میں دوبارہ تلاشی آپریشن شروع کیا گیا لیکن بعد دوپہر تک ملی ٹینٹوں کا پتہ نہیں چل سکا جس کے بعد آپریشن کو ختم کیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر کولگام میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے۔