جموں کشمیر میں کوروناوائرس کے معاملات میں پھر اضافہ
انتظامیہ نے لوگوں کو ماسک استعمال کرنے کی ہدایت دی
سرینگر /19جولائی/وادی کشمیر میں کووڈ 19کے کیسوں میں ایک بار پھر اضافہ کے پیش نظر انتظامیہ نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ پبلک مقامات پر چہرے پر ماسک کا استعمال کریں ۔ وادی کشمیر میں کوروناوائرس کے کیسوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ ملکی سطح پر بھی کووڈ 19کے کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ عوامی بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر ماسک کا استعمال کریں۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس عالمی وبائی بیماری سے بچاﺅ کےلئے جو پہلے ہی گائیڈ لائنیز جاری کی گئیں ہیں ان پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ گزشتہ روز جموں کشمیر میں کووڈ19کے152نئے معاملات سامنے آئے ہیںجن میں67کشمیر صوبہ سے اور 85 کا تعلق جموں صوبہ سے ہے اور اِس طرح مثبت معاملات کی کل تعداد4,57,184تک پہنچ گئی ہے۔ادھر ملکی سطح پر بھی کووڈ 19کے کیسوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور کوروناوائرس کے معاملات میں تیزی کے ساتھ اضافہ کو ماہرین تیسری لہر سے تعبیر کررہے ہیں ۔ ادھرجموں کشمیر سرکار نے بتایا ہے کہ کووڈ کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کےلئے قبل از وقت انتظامات کئے گئے ہیں اور لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ سرکاری طور پر لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کووڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں تاکہ پابندیاں عائد کرنے کی نوبت نہ آئے ۔














