شمالی ضلع بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے اور جنوبی کشمیر کے مرہامہ بجبہاڑہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری تصادم میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔ آئی جی کشمیر نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بانڈی پورہ کے جنگلات میں ایک جنگجو مارا گیا جبکہ باقی دو کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہلوک جنگجو حال ہی میں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ جموں وکشمیر کے شمالی ضلع بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ منگل کے روز 14 آر آر اورجموں وکشمیر پولیس نے بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے سرندر کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو وہاں پر موجود جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ پولیس اور فوج نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے جنگل کی نگرانی کا عمل بھی تیز کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کو جنگلی علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔دریں آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے جنگلی علاقے میں جاری تصادم میں ایک جنگجو مارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ مذکورہ ملی ٹینٹ حال کے دنوں میں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جنگل میں مزید دو ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہیں جنہیں مار گرانے کی خاطر کارروائی شروع کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں جنوبی ضلع اننت ناگ کے مرہامہ بجبہاڑہ گاوں میں بھی سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم جاری ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد مرہامہ بجبہاڑہ گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم جاری ہے۔ یو این آئی