دہلی، ہریانہ اور اتر پردیش میں سب سے زیادہ کورونا کے ایکٹو معاملے بڑھ گئے
نئی دہلی : یکم مئی (یو این آئی) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 408 ایکٹیو کیسزبڑھے ہیں ، جن میں سے زیادہ دہلی ، ہریانہ اوراتر پردیش سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس دوران دہلی میں سب سے زیادہ 107، ہریانہ میں 90 اور اتر پردیش میں 75 ایکٹو کیسز بڑھے ہیں۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود نے اتوار کو بتایا کہ ملک میں ایک ارب 89 کروڑ 17 لاکھ 69 ہزار 346 کووڈ ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ انفیکشن کے 3324 نئے کیسزسامنے آئے ہیں۔ وہیں اس دوران 2876 لوگ کووڈ سے پاک ہو چکے ہیں۔ اب تک کل چار کروڑ 25 لاکھ 36 ہزار 254 مریض کووڈ سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔ وہیں مزید 40 مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 523843 ہو گئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی شرح 0.04 فیصد ،شفایابی کی شرح 98.74 فیصد اورشرح اموات 1.22 فیصد ہے۔قومی درالحکومت دہلی میں کورونا کی تیز رفتار سے خوف و ہراس پھیلنے لگا ہے۔ یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 107 ایکٹو کیسز بڑھنے کے بعد ان کی تعداد بڑھ کر 5716 ہوگئی۔ وہیں 1412 افراد کے صحتیاب ہونے کے بعد اس سے نجات پانے والوں کی تعداد 1851184 تک پہنچ گئی جبکہ ایک مریض کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار 171 ہوگئی۔ہریانہ میں ایکٹو کیسز 90 بڑھے ہیں۔ ریاست میں فی الحال 2528 ایکٹیو کیسز ہیں۔ اس دوران 400 افراد کے صحتیاب ہونے سے اس وبا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 979361 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں کووڈ-19 سے کسی بھی مریض کی موت نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 10,619 پر مستحکم ہے۔کیرالہ میں کورونا وائرس کے 52 ایکٹیو کیسز کم ہونے سے ان کی تعداد 2810 ہو گئی ہے۔